کراچی اور شین یانگ دوست شہر قرار

کراچی اور شین یانگ کے درمیان دوستی و تعاون کا معاہدہ|humnews.pk

کراچی: چین کے شہر شین یانگ سٹی میں کراچی اور شین یانگ کے درمیان دوستی و تعاون کا معاہدہ ہو گیا ہے، دستاویز پر میئر کراچی وسیم اختر اور میئر شین یانگ سٹی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی اور شین یانگ سٹی کے مابین مماثلت کے باعث شین یانگ سٹی اور کراچی کو دوست شہر قرار دینے کا معاہدہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں شہروں کے نمائندے مشترکہ دلچسپی کے امور میں تعاون اور اشتراک عمل کے لیے مستقل بنیادوں پر رابطہ رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں شہر چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط  بنانے کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ پروجیکٹ کے تحت باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے جبکہ مذکورہ معاہدے سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے اور باہمی تجارت و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ اس معاہدے سے صنعت و تجارت، معیشت، سیاحت، زراعت، مواصلات، شہری تعمیرات، سائنس و ٹیکنالوجی، کلچر، تعلیم  اور کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ دونوں شہر ماحولیاتی تحفظ، نوجوانوں کے لیے پروگرام اور دیگر شعبوں میں مختلف شکلوں میں باہمی تعاون کو وسعت دیں گے۔


متعلقہ خبریں