عمران خان وزرا کالونی میں رہیں گے، فواد چوہدری

عمران خان منسٹر انکلیو میں رہیں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان  وزیراعظم بننے کے بعد  وزیراعظم  ہاؤس یا پنجاب ہاؤس میں نہیں رہیں گے بلکہ منسٹرز انکلیو میں رہائش پذیر ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہو گی جس میں صرف چند سو لوگ شرکت کریں گے، سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ سدھو کومدعو کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے، پی ٹی آئی کی طرف سے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی نامزد کر دیا گیا ہے، نئی کابینہ کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ بنی گالا کے سیکیورٹی اخراجات عمران خان برداشت کر رہے ہیں، اپنی رہائش گاہ کی ترئین و آرائش کے اخراجات بھی وہ خود ادا کریں گے۔

پاک بھارت تعلقات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری خطے کے مفاد میں ہے۔


متعلقہ خبریں