یمن: اتحادی افواج کی اسکول بس پر بمباری، 43 جاں بحق

یمن: سعودی اتحادی افواج کی اسکول بس پر بمباری، 43 جاں بحق


صنعا: یمن کے علاقے صعدہ میں ایک اسکول بس پر سعودی اتحادی افواج  کی بمباری سے 43 افراد جاں بحق اور 63  زخمی ہو گئے ہیں، یہ حملہ حوثیوں کے زیر انتظام  شہر دہیان کی مارکیٹ  میں کیا گیا۔

بین الاقوامی امدادی گروپ اور مقامی رضاکاروں کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد اسکول جانے والے بچوں کی ہے۔

یمن میں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد مقامی اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ کم  پڑ گئی ہے۔

سعودی اتحاد نے بیان جاری کیا ہے کہ یہ حملہ اسکول بس پر نہیں بلکہ میزائل لانچرز پر کیا گیا تھا، اتحادی افواج کے مطابق یہ ایک جائز اور کامیاب فوجی آپریشن تھا۔

حملے کے رد عمل میں مشرق وسطیٰ  میں یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر گیرت کیپیلری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اب مزید بہانے نہیں چل سکتے، یمن میں معصوم  بچوں پر مسلط  جنگ کو روکنے کے لے دنیا کو مزید کتنے بچوں کی جان کی قربانی درکار ہوگی۔

2014 سے جاری یمنی جنگ میں اب تک 5000  سے زائد بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 40000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں اکثر بچے مختلف جسمانی اعضا سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔

2017  کے اواخر میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مسلسل جنگ کی وجہ سے یمن میں اس وقت شدید غذائی قلت کا سامنا ہے، حالات بہتر نہ ہوئے تو لگ بھگ 50000 بچوں کا بھوک سے مرنے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں