سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشت گردی کے تازہ واقعہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا جس کے بعد گزشتہ چند گھنٹے میں انڈین جارحیت کا نشانہ بننے والے کشمیریوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ گزشتہ کچھ عرصہ سے بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں کا تسلسل ہے جس میں غاصب بھارتی افواج کسی کو بھی جھوٹا الزام لگا کر زندگی سے محروم کر دیتے ہیں۔
بارہ مولہ کے علاقے رفیع آباد میں کشمیری نوجوان کی شہادت کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔
تازہ شہادت کے بعد اس علاقے سے تعلق رکھنے والے شہداء کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے اسی علاقے میں چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔
بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے انڈین فوج کی حالیہ کارروائیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران کمانڈوز اور گن شپ ہیلی کاپٹرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران چھ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
Indian military has martyred 6 Kashmiris in a brutal act of state terrorism in occupied Kashmir
Military commandos and gunship helicopters were used in the operation.— Syed Ali Geelani (@sageelani) 8 August 2018
کلگام ضلع میں بھارتی ایجنٹوں کے تشدد کا نشانہ بننے والا عارف صوفی نامی نوجوان بھی ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر میں زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گیا۔ عارف کو بھرتی ایجنٹوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
جولائی کے مہینے میں بھارتی فوج نے زیرحراست نوجوان سمیت 21 کشمیریوں کو زندگی سے محروم کیا جب کہ پے درپے شہادتوں پر احتجاج کرنے والے کشمیریوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
70 برسوں سے مقبوضہ کشمیر پر مسلط بھارتی فورسز انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں ملوث ہیں اس دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت کشمیری نوجوانوں کو ہر طرح کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
لاپتہ کشمیریوں کی تعداد میں خوفناک اضافہ
چند روز قبل سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فورسز کے متشددانہ رویے کے نتیجے میں رواں برس جنوری سے مئی کے دوران 889 کشمیریوں کو لاپتہ کیا گیا ہے۔
کشمیر پولیس کی کرائم برانچ کے اعدادوشمار کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے تلاشی و محاصروں اور متشددانہ بھارتی سرگرمیوں میں اوسطا پانچ کشمیری لاپتہ ہوتے رہے ہیں۔ سب سے زیادہ کشمیریوں کو سری نگر، کٹھوعہ اور جموں کے اضلاع سے لاپتہ کیا گیا ہے۔