اسلام آباد: پارک میں لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزمان گرفتار

خفیہ دستاویزات

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کا ارتکاب کرنے اور اس قبیح عمل میں معاونت فراہم کرنے والے چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریٹینڈنٹ پولیس(ایس پی) تھانہ مارگلہ ذیشان حیدر کی سربراہی میں بنائی گئی ٹیم نے چاروں ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان میں ایف نائن پارک کا مالی شیراز کیانی، سیکیورٹی گارڈ مراد خان اور دیگر دو افراد شامل ہیں۔

اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔

اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ملازمین اور گارڈ نے ایک لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

متاثرہ لڑکی نے متعلقہ تھانہ مارگلہ میں شکایت درج کرائی تھی جس میں مؤقف اپنایا کہ پارک ملازمین نے اسے ایک لڑکے کے ساتھ دیکھ کرغیراخلاقی حرکات کا الزام لگایا اور ڈرانے کی کوشش کی۔

تھانہ مارگلہ میں درج ابتدائی رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق پارک ملازم نے گارڈ اور دیگر ملازمین کے سامنے لڑکی کو ہوس کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

دریں اثناء سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران لڑکی سے زیادتی کے معاملے پر ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ ایف نائن پارک میں اسٹریٹ لائٹس کیوں نہیں لگائی گئیں، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچی کا ریپ ہوا ہے۔

سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کو حکم دیا کہ آج رات ہر صورت پارک میں بلب لگا کرعدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔


متعلقہ خبریں