مجھے ’اے کیٹگری‘ سے کیوں نکالا، محمد حفیظ

محمد حفیظ انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ  نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط  نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ فیصلہ پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری تبدیل کرنے  پر کیا ہے۔

محمد  حفیظ نے انتہائی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سلیکٹرز سے پوچھیں گے کہ انہیں ’اے‘  کیٹیگری سے نکال کر ’بی‘ کیٹیگری میں کیوں ڈالا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد حفیظ  کا آئندہ سلیکشن کے لیے دستیاب نہ ہونے  پر بھی غور کر رہے ہیں اور لیگز کے ذریعے سلیکٹرز اور مکی آرتھر کو جواب دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ  نے گزشتہ روز 33  کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے، ’اے‘ اور ’بی‘ کیٹیگری میں چھ چھ  کھلاڑی، ’سی‘ میں 9 جبکہ ’ڈی‘ کیٹیگری میں 5 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے،  اسی  طرح ’ای‘  کیٹیگری میں 7  کھلاڑی شامل ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی پانچ کیٹیگریز میں محمد حفیظ کو ’بی‘ کیٹیگری دی گئی ہے، ’بی‘ کیٹیگری میں محمد حفیظ ، فہیم اشرف ، اسد شفیق، حسن علی ، فخر زمان اور شاداب خان شامل ہیں، ’اے‘ کیٹیگری میں کپتان سرفراز احمد سمیت، شعیب ملک ، اظہر علی، یاسر شاہ، بابر اعظم اور محمد عامر شامل ہیں۔

’سی‘ کیٹیگری میں محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل،امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری، شان مسعود اور عماد  وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔

’ڈی‘  کیٹیگری میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین اور حسین طلعت جبکہ ’ای‘ کیٹیگری میں بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ  فرحان، عمید آصف اور میر حمزہ شامل ہیں۔

نئے کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں  20  سے 25  فیصد اضافہ اور میچ  فیس میں 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جو اگست  سے نافذالعمل ہو گا۔


متعلقہ خبریں