اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 840 میں سے 814 حلقوں کے کامیاب امیدواروں کے نوٹییفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
ای سی پی نے مختلف وجوہات کی بنا پر 26 قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے نوٹیفیکیشن روک لیے ہیں جن میں قومی اسمبلی کے 9، پنجاب اسمبلی کے 5، سندھ اسمبلی کے 6، خیبرپختونخوا اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے 3،3 حلقے شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن پاکستان کے مطابق تمام نوٹیفیکیشن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے روکے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے تین حلقوں کا مشروط نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، ان کے این اے 35 بنوں، این اے 95 میانوالی اور این اے 243 کراچی کے نوٹیفیکیشن مقدمات کے فیصلوں سے مشروط ہیں۔
اسلام آباد کے حلقہ این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور لاہور کے حلقہ این اے 131 کا نوٹیفیکیشن ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمے کی وجہ سے روکا گیا ہے۔
این اے 129 لاہور سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن مقدمات کے فیصلے سے مشروط ہے۔
کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن کے بعد آزاد امیدواروں کو تین دن کے اندر کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ بننا ہوگا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق کامیاب ارکان قومی اور متعلقہ اسمبلیوں کے پہلے اجلاسوں میں حلف لیں گے۔