عمران خان اخلاقی طور پر ہار گئے، قمر زمان کائرہ

حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے، قمر الزماں کائرہ

فوٹو: فائل


لاہور: پاکستان  پیپلز پارٹی  وسطی پنجاب  کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈروں نے عمومی طور پر وہی بات کی جو شکایات تھیں، پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکالا گیا، سادہ کاغذ پر رزلٹ دیے گئے اور بعد میں فارم 45 تیار کیے گئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں کہہ رہی ہیں انتخابات میں دھاندلی ہوئی، حکومت کے اتحادی اور خود تحریک انصاف کے لوگ بھی دھاندلی کی شکایات کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح جہاز چلائے گئے اور لوگ اٹھائے گئے وہ قصے زبان زد عام ہیں، پیپلز پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلیوں کے اندر اور باہر دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانا کوئی بہادری نہیں تھی، اگر اسمبلیوں میں نہ جاتے تو حکومت ختم ہوجاتی، انہوں نے کہا کہ خان صاحب کو تمام کوششوں کے باوجود بھی اکثریت نہیں ملی اور تحریک انصاف یو ٹرن لینے شروع ہو گئی ہے۔ عمران خان الیکشن شاید جیت گئے لیکن اخلاقی طور پر وہ ہار گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دائیں بائیں وہ لوگ ہیں جنہیں وہ خود چور اور ڈکیت کہتے تھے، دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب اب اپنے وعدے پورے کریں، عدالت ٹرائل کرے ہم  ہر الزام کا جواب دیں گے لیکن میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔

قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی دھاندلی ہر اپنا وائٹ پیپر بھی شائع کرے گی، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماضی سے بہتر کارکردگی دکھائی گو کہ پیپلزپارٹی کو ماضی میں بھی توڑا گیا اور اب بھی توڑا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں