لاہور کے مختلف علاقوں میں سات گھنٹوں سے بجلی غائب

فائل فوٹو


لاہور: پنجاب کے مرکزی شہر لاہورمیں تیسرے روز بھی بجلی کی فراہمی سات گھنٹوں سے معطل ہے جس کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے سے گرمی اور حبس زدہ موسم کا سامنا کرتے لاہور کے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو) حکام نے فون بند کردیے ہیں اور شکایات کا جواب نہیں دیا جا رہا۔

بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے لاہور کے جوعلاقے متاثر ہوئے ان میں اقبال ٹاون، اسلام پورہ، رحمن پورہ، مسلم ٹاون اور دیگر شامل ہیں۔

دو روز قبل بھی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کی ٹرانسمیشن لائن ٹوٹنے سے لاہور کے لیے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جس کے سبب شہر کے 250 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہو گئے اور آدھا شہر کئی گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبا رہا تھا۔

توانائی کی کم پیداوار ہی نہیں بلکہ بجلی کی ترسیل کے نظام میں موجود خامیاں اور عارضی خرابیاں لاہور میں بجلی کے حالیہ بحران کی وجہ قرار دی جا رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں