چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے والا جہاز روک لیا گیا


راولپنڈی: چین کے شہر گونگزو میں پھنسے پاکستانیوں کو لینے کے لیے جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو تیکنیکی خرابی کے باعث روک لیا گیا۔

شاہین ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) نے شاہین ایئر لائنز کی پرواز این ایل 892 کو تیکنیکی وجوہات کی وجہ سے روکا، جسے جمعہ کو گونگزو پہنچ  کر پاکستانی مسافروں کو واپس لے کر آنا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کی واپسی کے لیے شاہین ایئرلائنز دوسری چارٹرڈ کمپنیوں سے رابطے میں ہے اور  مسافروں کو چارٹرڈ پرواز سے واپس لانے کے اخراجات شاہین ایئرلائنز خود برداشت کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سی اے اے نے پرواز کی روانگی کے وقت جہاز کی حالت اور معیار پر سوال اٹھایا جو اُن کے  منفی ارادوں کو ظاہر کرتا ہے جس کے بارے میں عدالت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق شاہین ایئرلائنز کی پرواز کو مکمل طور پر پرواز کے لیے فٹ نہ ہونے کی وجہ سے اُڑان کی اجازت نہیں دی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی تھی کہ چین سے پاکستانیوں کو لانے والا طیارہ ایئر وردی ہونا چاہیے، شاہین ایئرلائنز کو شہریوں کو لانے کے لیے 2 خصوصی پروازوں کی اجازت دی ہے۔

مسافروں کی سیکیورٹی اور سیفٹی پر پورا اترنے کے مطلوبہ معیار کے حامل جہاز کو ایئر وردی قرار دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں