جاپان کا نئی حکومت کے ساتھ تعاون میں اظہار دلچسپی


اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اورانہیں انتخابات میں واضح برتری حاصل کرنے پر مبارکباد دی، جاپانی سفیر نے نومنتخب حکومت کے ساتھ  تعاون میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

تکاشی کورائی نے عمران خان سے گفتگو کے دوران بتایا کہ حکومت جاپان، پاکستان میں تعلیمی اداروں کی تعمیر و اصلاحات کے منصوبوں میں اشتراک کی خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پینے کا صاف پانی ایک بڑا مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے جاپان ایسے منصوبوں میں اشتراک میں بھی دلچسپی رکھتا ہے، ان کا ہدف دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں مزید مضبوطی  اور استحکام پیدا کرنا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے جاپانی حکومت کی نیک خواہشات پر سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

عمران خان نے اس عزم  کا اظہار کیا کہ وہ سفارتی سرگرمیوں کے ذریعے تجارت اور اشتراک کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔

انتخابات میں واضع برتری حاصل کرنے کے بعد سے مختلف ممالک کے سفرا عمران خان  سے ملاقات کے لیے بنی گالہ جا چکے ہیں۔

اب تک برطانیہ کے ہائی کمشنر، سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کے سفیر عمران خان سے ملاقات کر چکے ہیں، ترکی اور بھارت کے سربراہوں نے عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔


متعلقہ خبریں