قومی اسمبلی کا اجلاس 13 یا 14 اگست کو بلائے جانے کا امکان

علی ظفر

اسلام آباد: نگراں وزیراطلاعات  بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق 15 اگست تک ہر صورت قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا ہو گا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 13 یا 14 اگست کو بھی بلایا جا سکتا ہے، سب سے پہلے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور بعد ازاں وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں کو اپنی پسند کی جماعت میں شمولیت کے لیے وقت دیا جائے گا، الیکشن کمیشن انتخابی نتائج کا اعلان کرے گا جبکہ نو منتخب ارکان 10  روز کے اندر گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں گے۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ وزیراعظم کے حلف لیتے ہی نگراں حکومت سبکدوش ہو جائے گی اور نئی حکومت اختیارات سنبھال لے گی۔

آئین پاکستان کے آرٹیکل 91 کی شق 2 میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کے دن کے بعد 21 ویں روز قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا تاہم اگر صدر مملکت چاہیں تو وہ اس سے پہلے بھی اجلاس بلا سکتے ہیں۔

عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں تاہم حکومت بنانے کے لیے انہیں مطلوبہ نمبرز میسر نہیں ہیں اس لیے وہ  آزاد امیدواروں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر 171 کا جادوئی عدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصا ف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا دعویٰ ہے کہ ان کی جماعت کے پاس حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ تعداد موجود ہے۔


متعلقہ خبریں