کراچی: عمران خان سے ملاقات کے لیے ایم کیو ایم کا وفد روانہ ہوگیا


کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا وفد چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آبا د روانہ ہوگیا ۔

ہم نیوز کے مطابق عامر خان اور فیصل سبزواری پر مشتمل دو رکنی وفد بنی گالہ میں پی ٹی آئی کے سربراہ سے ملاقات کرے گا۔ ایم کیو ایم کے وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرا ن اسماعیل بھی ہیں۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات میں ایم کیو ایم کا وفد انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے  مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے چاردن قبل اپنے مختصر دورہ کراچی کے اختتام پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات مثبت اور نتیجہ خیز رہی ہے۔

جہانگیر ترین کا مؤقف تھا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے ملاقات میں کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا اور کراچی کی ترقی کے لیے بات چیت ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ پی ٹی آئی اورایم کیو ایم دونوں کراچی کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے گزشتہ روزخبر دی تھی کہ ایم کیوایم کا وفد چیئرمین پی ٹی آئی سے بنی گالہ میں ملاقات کرے گا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ دوان ملاقات ایم کیو ایم کا وفد کراچی کے چند مخصوص حلقوں میں ووٹوں کی  دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کرے گا۔

ذرائع کا دعویٰ تھا کہ ملاقات میں ایم کیوایم کا وفد کراچی کی بلدیاتی حکومت کے لیے مالی و انتظامی اختیارات کا مطالبہ کرے گا اورچیئرمین پی ٹی آئی کو اس بات پر بھی قائل کرنے کی کوشش کرے گا کہ شہرقائد کو خصوصی گرانٹ دی جائے۔

ایم کیوایم نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔


متعلقہ خبریں