آر ٹی ایس میں خرابی، الیکشن کمیشن کا تحقیقات کا فیصلہ


اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2018 کے نتائج کے لیے بنائے گئے ڈیجیٹل رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم  (آر ٹی ایس) میں خرابی کی تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ای سی پی نے اس سلسلے میں کیبنٹ ڈویژن کو مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات نیشنل ٹیلی کمیونیکشن اینڈ  انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ  اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ماہرین کریں گے جبکہ چار ہفتوں میں تمام کارروائی مکمل کرکے الیکش کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔

الیکشن 2018 میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نتائج کا اعلان مقررہ وقت سے کئی گھنٹے تاخیر سے کیا گیا جس کے باعث شکست کھانے والی جماعتوں نے ای سی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھاندلی کےالزامات عائد کیے  تھے، الیکشن کمیشن نے  رات گئے نتائج میں تعطل کی وجہ آر ٹی ایس کی خرابی بتائی لیکن سیاسی جماعتیں اس سے مطمئن نہیں ہوئیں جس کے بعد اس سسسٹم میں خرابی کی تحیقیات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں