سپریم کورٹ: این اے 60میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل

سپریم کورٹ: راولپنڈی خود کش دهماکے کا ملزم عمر عدیل خان بری

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے راولپنڈی کے حلقہ این اے- 60 میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دائر درخواست کی سماعت کی۔

عدالتی عظمیٰ کے فیصلے کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ این اے -60 میں الیکشن کمیشن کی جانب سے میرے ساتھ زیادتی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں سردار رزاق میری جانب سے پیش ہوئے اور میرے ساتھ زیادتی کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کلیئر کردیا۔ انہوں نے فیصلے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

نومنتخب رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ این اے-60 پہ ہماری طرف سے راشد شفیق الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ این اے-60 پر بلے کے حوالے سے فیصلہ خود عمران خان کریں گے۔

ایک سوال پر عدالت عظمیٰ کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل ایک تفصیلی فیصلہ جاری کریں گے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ فیصلہ بلے کا ہو یا قلم دوات کا مگرجیت ڈیڑھ لاکھ کی ہوگی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تین صوبوں میں حکومت بنارہی ہے اورایک صوبے میں وہ اشتراک سے حکومت بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جیت گیا اورپاکستان کی جیت عمران خان کی جیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم کے ادھار کو خدمت سے اتارنا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ چودھری نثارعلی خان کے ہارنے کے بعد پارلیمنٹ میں سب سے زیادہ سینئر ہوں اورسات مرتبہ رکن اسمبلی رہا ہوں۔

نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے متعلق انہوں نے کہا کہ حلف برداری ڈی چوک میں نہ ہو کیونکہ وہاں سیکیورٹی رسک ہوگا۔

شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ عمران خان غریب کا جینا آسان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا مشن غریب آباد اور راولپنڈی کو پانی مہیا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میں صبح اسپتال گیا کسی اسپتال میں وینٹی لیٹر کی سہولت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اسپتال شروع ہوچکا ہے اور میں نے اس پر چیف جسٹس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

سیاسی مخالفین پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ رونے والوں کے مقدر میں اب رونا ہی لکھا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں کہا کہ بے نظیر بھٹو جب پہلی دفعہ وزیراعظم بن رہی تھیں تو شام کو کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حنیف عباسی کی ایفی ڈرین کیس میں گرفتاری کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 راولپنڈی کے انتخابات ملتوی کردیے تھے۔

این اے -60 پر انتخابی امیدوار شیخ رشید احمد نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست مسترد کرتے ہوئے این اے- 60 راولپنڈی میں الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن بحال رکھنے کا حکم دیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے  مرکزی رہنما اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے- 60 راولپنڈی سے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید اور دس لاکھ  روپے جرمانے کی  سزا سنائی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں