ووٹوں کی دوبارہ گنتی فاتح تبدیل نہ کرسکی، پی ٹی آئی امیدوار ناکام

دوباری گنتی میں امیدوار بدل نہ سکے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق گورنرپنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار ذوالفقارعلی کھوسہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے- 190 میں دوبارہ گنتی کے باوجود 129 ووٹوں سے ہار گئے ہیں۔

حلقہ این اے- 190 میں پی ٹی آئی کے انتخابی امیدوار سردارذوالفقار کھوسہ کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی۔

مد مقابل آزاد امیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ نے 72 ہزار 300 ووٹ حاصل کیے جبکہ پاکستان تحریک انصاف  کے سردار ذوالفقار کھوسہ 72 ہزار 171 ووٹ لے سکے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے- 93 میں بھی دوبارہ گنتی مکمل ہوگئی ہے جس میں متحدہ مجلس عمل(ایم ایم اے) کے امیدوار انوار حیات کی برتری برقرار رہی ہے۔

دوبارہ گنتی کی درخواست پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار طارق سعید نے دی تھی۔ چھ پوسٹل بیلٹ کے ساتھ انور حیات خان کی ٹوٹل برتری 772 سے کم ہوکر 733 رہ گئی۔

گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 54 میں دوبارہ گنتی سے ن لیگی امیدوار عمران خالد بٹ نے 51 ہزار257 ووٹ لیے اور ان کے مد مقابل رضوان اسلم بٹ 49 ہزار800 ووٹ لے کر ناکام ہوئے۔

پی پی 54 میں کل ووٹرز کی تعداد  دو لاکھ 73 ہزار13 ہے، ڈالے گئے درست ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار874 ہے اور گنتی سے خارج ووٹوں کی تعداد دو ہزار387 رہی جبکہ ووٹنگ کا ٹرن آوَٹ 52سے58 فیصد رہا۔

شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 143 میں پی ٹی آئی امیدوار رانا وحید کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی گئی جس میں ن لیگی امیدوارسجاد حیدر گجرکی جیت برقرار رہی جب کہ پی ٹی آئی امیدوار دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلے گئے۔

دوبارہ گنتی میں سجاد حیدر گجر نے 31 ہزار247 ووٹ حاصل کیے، آزاد امیدوارمحمدسرفراز 31 ہزار82 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر اور پی ٹی آئی کے امیدوار 30 ہزار 178 ووٹ لے سکے۔

سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 39 میں ن لیگی امیدوارمرزا الطاف حسین کی درخواست پر دوبارہ گنتی ہوئی جس میں  رانالیاقت علی آزاد امیدوار 30891 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے اور ن لیگ کے مرزا الطاف حسین 30770 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوبارہ گنتی میں آزاد امیدوار رانا لیاقت کے 195 ووٹ جب کہ ن لیگ کے 304 ووٹ کم ہوگئے۔

کوٹ ادو کے حلقہ پی پی 268 دوبارہ گنتی کے حتمی نتائج کے مطابق ن لیگی امیدوارملک غلام قاسم ہنجرا پہلے سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ملک غلام قاسم ہنجرا نے پہلے گنتی میں 1181 ووٹوں سے برتری حاصل کی اور دوبارہ گنتی کے بعد ان کی برتری 1245 ہو گئی۔

وزیرآباد کے حلقہ پی پی 52 میں دوبارہ گنتی کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) کی امیدوار عادل بخش چٹھہ کی  جیت برقرار رہی۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احمد چٹھہ کی درخواست پر پی پی 52 میں دوبارہ گنتی کی گئی جس میں ن لیگی کی امیدار کی برتری میں 49 ووٹ کم ہو گئے۔

عادل چٹھہ نے دوبارہ گنتی میں 55661 ووٹ اور احمد چٹھہ نے 54646 ووٹ حاصل کیے۔

ابتدائی گنتی میں ن لیگی امیدوار کو1113 ووٹوں کی برتری حاصل تھی جو بعد میں کم ہو کر 1064 رہ گئی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق مختلف امیدواروں کی جانب سے انتخابی کمیشن کو اب تک دوبارہ گنتی کی 30 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں