عمران خان کا ڈی چوک پر حلف اٹھانے کا امکان ہے، نعیم الحق

عمران خان عوامی تقریب میں حلف اٹھائیں گے، نعیم الحق|humnews.pk

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کے مطابق اس بات کا امکان ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان عوامی تقریب میں وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھائیں۔

نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ عمران خان کی ترجیح یہی ہو گی کہ وہ کسی ایسی جگہ حلف برداری کی تقریب منعقد کریں جہاں ہزاروں لوگ انہیں وزیراعظم پاکستان کا حلف لیتے ہوئے دیکھ سکیں۔ شاید اس کے لیے ڈی چوک مناسب جگہ ہو، لیکن جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 115 نشستیں لے کر سب سے بڑی جماعت کے طورپر سامنے آئی ہے لیکن حکومت سازی کے لیے انہیں 172 نشستیں درکار ہیں۔ قومی اسمبلی میں آزاد امیدواروں کی تعداد 13 ہے اور قانون  کے مطابق انہیں تین دن کے اندر کسی نہ کسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنا ہے۔

پی ٹی آئی کو حکومت سازی کے لیے آزاد امیدواروں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ ملانا ہو گا۔ مسلم لیگ ق ان کے ساتھ انتخابی اتحاد میں شامل تھی تاہم چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی نے حکومت کا حصہ بننے کے حوالے سے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

الیکشن کے حتمی نتائج کے بعد اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی کو 15 روز کے اندر حکومت سازی کرنا ہو تی ہے۔


متعلقہ خبریں