اسلام آباد: پاکستان میں ہونے والے گیارہویں عام انتخابات کے مصدقہ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ سیٹیں لینے والی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔
پی ٹی آئی نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر ملک بھر سے ایک کروڑ 68 لاکھ 23 ہزار 792 ووٹ اور 115 نشستیں حاصل کی ہیں۔
قومی اسمبلی میں 64 سیٹیں لے کر دوسرے نمبر پر آنے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک کروڑ 28 لاکھ 94 ہزار225 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ووٹ نشستوں کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آنے والی ن لیگ سے 31 فیصد زیادہ ہیں جب کہ نشستیں 45 فیصد زیادہ ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے مجموعی طور پر ملک بھر سے 68 لاکھ 94 ہزار 296 ووٹ حاصل کیے اور قومی اسمبلی میں 43 سیٹیں لے کر تیسرے نمبر پر رہی۔
ملک بھر سے آزاد امیدواروں نے مجموعی طور پر 60 لاکھ 11 ہزار 337 ووٹ حاصل کیے اور ووٹوں کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر رہے جب کہ قومی اسمبلی کی 13 نشستیں جیتنے والی متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) 25 لاکھ 30 ہزار 452 ووٹ حاصل کر کے مجموعی طور پر پانچویں نمبر پر رہی۔
خیبرپختونخوا میں صورتحال زیادہ دلچسپ رہی جہاں اکثریتی جماعت بننے والی تحریک انصاف کو 21 لاکھ ووٹ ملے اور نشستوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آنے والی مجلس عمل کو 11 لاکھ ووٹ پڑے۔
تحریک لبیک پاکستان کو مجموعی طور پر 21 لاکھ 91 ہزار 679 ووٹ پڑے اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) 12 لاکھ 57 ہزار 351 ووٹ حاصل کر سکا۔
گزشتہ انتخابات کی طرح حالیہ الیکشن میں بھی بدترین کارکردگی دکھانے والی عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کو انتخابات کے دوران ملک بھر سےآٹھ لاکھ آٹھ ہزار جب کہ ایم کیو ایم کوسات لاکھ 29 ہزار ووٹ پڑے۔