کوئی سازش نہیں کی جا رہی، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ کوئی سازش نہیں کی جارہی، نتائج  میں تاخیر کی وجہ رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم  (آر ٹی ایس) کا لوڈ برداشت نہ کرنا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد ہی نتائج آنا شروع ہو جائیں گے کیونکہ نتائج  روکے نہیں جا رہے، ابھی نتائج  تیار ہی نہیں ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ نتائج میں تاخیر اس لیے ہوئی کہ پولنگ عملہ نے کانوائے کی شکل میں ریٹرننگ افسر (آر او) آفس پہنچنا تھا کیونکہ تمام پریزائیڈنگ افسران کو ہدایات کی تھیں کہ آر او آفس پہنچ  کر نتائج جمع کرائیں، اس سے قبل تمام پریزائیڈنگ ریٹرننگ افسران (پی آر اوز) نے آر ٹی ایس سے نتائج بھیجنے کی کوشش کی لیکن سسٹم  لوڈ برداشت نہ کر سکا جس کے باعث آر ٹی ایس کے تحت فارم 45 بڑی تعداد میں نہیں مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ  جگہوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر انکوائری کرکے کارروائی کریں گے تاہم کسی جماعت کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نہیں نکالا گیا۔


متعلقہ خبریں