آج بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی


اسلام آباد: وزارت توانائی نے عام انتخابات میں پولنگ  کے دوران بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے اسلام آباد اور لاہور میں دو کنٹرول سینٹرز نے کام شروع کر دیا ہے۔

اسلام آباد کنٹرول روم کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری وسیم مختار جبکہ لاہور کے کنٹرول روم  کی نگرانی ایڈیشنل سیکرٹری عامر احمد کر رہے ہیں، سیکرٹری پاور ڈویژن رضوان میمن تمام ملک کی صورتحال کو خود دیکھیں گے جبکہ نگراں وزیر توانائی سید علی ظفر کو بھی بجلی کی صورتحال سے وقتاً فوقتاً  آگاہ رکھا جائے گا۔

وزارت توانائی نے ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا اعلان کیا ہے، پولنگ کے عمل سے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک ملک بھر کے تمام صنعتی یونٹس کو بجلی کی فراہمی بند رہے گی۔

وزارت توانائی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو بند رکھنے کا فیصلہ سسٹم اوور لوڈ ہونے سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

عام انتخابات کی وجہ سے آج عام تعطیل ہے اور تعلیمی اداروں سمیت تمام سرکاری دفاتر اور صنعتیں بند رہیں گی۔

ملک بھر کے صارفین کی شکایات کے حل کے لیے توانائی ڈویژن میں وفاقی شکایت سیل بھی فعال ہے۔

شکایت سیل سے ان ٹیلی فون نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

051-9103888، 051-9204430 اور 9206834- 051


متعلقہ خبریں