انتخابات سے قبل ہونے والی دھاندلی روکی جائے،سردار نسیم

حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ ن لیگی کارکنوں کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہے، سردار نسیم | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار نسیم  نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی میں انتخابات سے قبل ہونے والی دھاندلی کو روکا جائے۔

مسلم لیگ(ن) راولپنڈی کے صدر کی جانب سے  الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سات سال سے چلنے والےمقدمے کا فیصلہ مقررہ تاریخ سے پہلے سنایا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک جیسے ثبوتوں کے باوجود ہمارے امیدوار کو عمر قید اور دیگر ملزمان کو رہا کردیا گیا۔

سردار نسیم نے اپنے خط میں الزام عائد کیا ہے کہ ایسے اقدامات ہماری سیاسی جماعت اور کارکنوں کو دیوارسے لگانے کے مترادف ہیں۔

پی ایم ایل (ن)  کے  مرکزی رہنما اور راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60  سے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید اور دس لاکھ  روپے جرمانے کی  سزا سنائی گئی ہے۔

حنیف عباسی کی سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لیگی امیدوار کے مد مقابل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں