چیف جسٹس نے کراچی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کر دیا


کراچی: چیف جسٹس نے کہا ہے کہ لوگوں کو بنیادی حقوق پہنچانے کے لیے سپریم کورٹ ہر قدم اٹھائے گی، ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان دینا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں گریٹر کراچی سیوریج پلان ایس تھری منصوبے کے افتتاح  کے موقع پر کہا  کہ ڈیمز پاکستان کی بقا کے لیے بہت ضروری ہیں، پانی کا ذخیرہ کرنے اور اُسے بچانے کے لیے لوگوں میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ قوم کے مفاد میں ہر قدم اُٹھانے کے لیے تیار ہے، گلگت کے لوگ بھاشا ڈیم کے فیصلے پر بہت خوش تھے لیکن اب ہم نے انہیں اُن کی شناخت بھی دینی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم عوام کی فلاح کے لیے چھوٹے چھوٹے کام کر رہے ہیں اور ہمارے اقدامات میں کوئی ذاتی مفاد شامل نہیں ہے، اس وقت پاکستان کا ہر بچہ ایک لاکھ  روپے سے زائد کا مقروض ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی تقریر میں ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جو عام انتخابات پر اثر انداز ہو۔

چیف سیکرٹری سندھ اعظم  سلیمان نے ٹریٹمنٹ پلان کے بارے میں بتایا کہ سیوریج پلان ایس تھری منصوبے پر برطانوی کمپنی نے 1998 میں کام شروع کیا تھا اور اسے  سندھ اور وفاقی حکومت کے  مشترکہ فنڈز سے مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹریٹمنٹ پلانٹ سے شہر کے آلودہ ماحول کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی، ہمیں واٹر کمیشن کی جانب سے جو ہدف دیے گئے تھے وہ پورے کیے ہیں، کراچی میں اب تک تین ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جا چکے ہیں، منصوبے کا اگلا مرحلہ 2019 میں مکمل کرلیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں