لاہور کا حلقہ این اے- 130، مسائلستان بن گیا

لاہور کا حلقہ این اے 130مسائلستان بن گیا | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: ٹوٹی سڑکیں، کھلے گٹر، سڑکوں کے کھڈے، نالے سے بہتا پانی، لٹکتی تاریں اور بجلی کے بوسیدہ نظام نے حلقہ این اے 130 کو مسائلستان بنا دیا ہے۔ شہرکے دیگر حلقوں کی  طرح یہاں بھی عوام الناس کو درپیش مسائل اور گندگی کے ڈھیرکیے جانے والے دعوؤں کو جھـٹلاتے نظر آتے ہیں۔

حلقے کے نوجوان رائے دہندگان (ووٹرز) کو گلہ ہے کہ 2013 کے انتخاب میں فتح کا سہرا سجانے والے  پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی شفقت محمود گزشتہ پانچ سال کے دوران  صرف ٹی وی پر ہی نظر آئے ہیں۔

این اے 130 کے باسیوں نے’ہم نیوز‘ سے گفتگو کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار جیتنے کے بعد حلقے میں دیکھے نہیں گئے بلکہ ان کی انتخابی مہم (کمپین) بھی کارکنوں (ورکرز) نے چلائی تھی ۔

رائے دہندگان کو شکوہ ہے کہ حلقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے۔ ان کا شکوہ ہے کہ حلقے میں پینے کا صاف پانی ہے اور نہ ہی سیوریج کا نظام ٹھیک ہے۔ صورتحال کے متعلق رائے دہندگان کہتے ہیں کہ اگر بارش ہو جائے تو چار چار دن سڑکوں پر پانی کھڑا رہتا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 میں لاہور کے علاقے  گلبرگ، ماڈل ٹاون، گارڈن ٹاون، پیکو روڈ، فیصل ٹاون،  شادمان ، وحدت کالونی اوردیگر شامل ہیں۔

حلقے کی آبادی  آٹھ لاکھ 18 ہزار78 افراد پر مشتمل ہے۔ کل رائے دہندگان (ووٹرز) کی تعداد چارلاکھ 72 ہزار 553 ہے ۔

این اے -130  لاہور کا واحد حلقہ ہے جہاں گزشتہ الیکشن میں پی ٹی آئی نے میدان مارا تھا۔


متعلقہ خبریں