جھوٹا شخص وزیراعظم نہیں بن سکتا، شہباز شریف

حکومت نے ایک دھیلے کا بھی منصوبہ نہیں لگایا، شہباز شریف

فوٹو: فائل


راجن پور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ بہتان خان، الزام خان اور جھوٹے نیازی نے پانچ سال میں کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین دن رات جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹا شخص وزیراعظم نہیں بن سکتا۔

جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان ایک میگاواٹ بھی بجلی نہیں بناسکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  آج کل پی ٹی آئی کے جلسوں میں کرسیاں عمران خان کے دماغ کی طرح خالی ہیں۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر نے شرکائے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ جوشخص 24 گھنٹے میں فیصلے سے مکر جائے وہ پاکستان کو چلائے گا ؟

شہبازشریف نے کہا کہ 2013  کے الیکشن میں عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ پورے ملک سے بجلی کا بحران ختم کردے گا لیکن اپنے صوبے میں ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کرسکا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہم نے نواز شریف کی قیادت میں ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کر کے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ جنوبی پنجاب (ن) لیگ کا قلعہ ہے۔ انہوں نے اپنی خدمات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ راجن پور میں سیلاب کے دوران میں نے خود امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور اس خطے کے لیے جو  ممکن ہو سکا وہ ہم نے کیا۔

سابق وزیراعلیٰ  پنجاب کا کہنا  تھا کہ ہم نے بہاول پور میں دل کے امراض کا اسپتال بنایا، ملتان میں میٹروبس اور یونیورسٹیاں بنوائیں، جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راجن پور کے اسپتال میں مفت علاج ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈیرہ غازی خان میں یونیورسٹی اور اسکول بنائے، بچیوں کا وظیفہ 200 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کیا، کسانوں کو بغیر سود کے قرضے دیے اور رحیم یارخان میں سب سے بڑی یونیورسٹی بنائی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدرشہبازشریف نے شرکا ئے جلسہ سے  سوال کیا کہ کیا اتنے سارے کاموں کے باوجود بھی کسی کو لوٹا بن کر بیت الخلا میں جانے کا حق تھا؟ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ مجبوری اور دباؤ میں آکر گئے ہیں لیکن کچھ لوگ پیدائشی لوٹے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کا الزام تھا کہ  میں جہاں بھی تقریر کرتا ہوں میڈیا بلیک آؤٹ کردیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی سب کی چھٹی اور لاڈلےکو کھلی چھوٹ دی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں