عام انتخابات کے لیے ریکارڈ تعداد میں پوسٹل بیلٹ جاری


اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے 18 لاکھ سے زائد پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے ہیں جو پاکستان کی انتخابی تاریخ میں ریکارڈ تعداد ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ہر ریٹرننگ افسر کو تین ہزار پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے جبکہ صوبائی اسمبلی کے ہر ریٹرننگ افسر کو 15  سو پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری ہوئے ہیں۔

ای سی پی کو ہنگامی طورپر کراچی قومی پرنٹنگ پریس سے ایک لاکھ سے زائد پوسٹل بیلٹ پیپرز چھپوانا  پڑے، پوسٹل بیلٹ کے لیے چھاپے جانے والے بیلٹ پیپرز منگل کو ریٹرننگ افسروں کے حوالے کیے گئے۔

ابتدائی طور پر ملک کے قومی اسمبلی کے 270 ریٹرننگ افسروں کو آٹھ لاکھ  دس ہزار پوسٹل بیلٹ پیپرز اور صوبائی اسمبلی کے 579 ریٹرننگ افسروں کو آٹھ  لاکھ  68 ہزار 500  پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے۔

پوسٹل بیلٹ پیپرز الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 93 کے تحت جاری کیے گئے ہیں، پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے انتخابی حلقے سے دور سرکاری اہلکاروں نے بذریعہ ڈاک ووٹ کاسٹ کیا، پوسٹل بیلٹ کے ذریعے فوجی افسران، سرکاری پولیس اہلکار اور جیلوں میں بند ملزمان نے ووٹ کاسٹ کیا، پوسٹل بیلٹ کی ترسیل پاک فوج کی نگرانی میں کی گئی۔

گزشتہ انتخابات میں ڈھائی لاکھ سرکاری ملازم ووٹ نہیں دے سکے تھے۔


متعلقہ خبریں