سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال، عمران خان نیب میں پیش نہیں ہوئے


پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج بھی قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے سامنے پیش نہیں ہوئے، عمران خان کی جانب سے اُن کے وکیل بابر اعوان نے جواب جمع کرایا۔

نیب نے عمران خان کو خیبرپختونخوا ( کے پی ) حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے سے متعلق تحقیقات کے لیے طلب کر رکھا  تھا تاہم عمران خان کی جانب سے نیب کے سامنے پیشی سے استثنیٰ کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی۔

عمران خان کی جانب سے نیب کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکتا۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب نے چیئرمین تحریک انصاف کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے اور اب عمران خان کو اگلی پیشی کے لیے نئی تاریخ دی جائے گی۔

عمران خان نے نیب کی جانب سے تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عزائم سے ہٹ کر مکمل طور پر شفاف احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ہم نے ہمیشہ نیب کو مضبوط بنانے کی وکالت کی ہے اور انتخابات میں کامیاب ہوئے تو اسے اور بھی مضبوط بنائیں گے۔

عمران خان کے نمائندے بابر اعوان نے اس موقع پر کہا کہ انتخابات کی آمد آمد ہے اور عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہے ہیں، اس لیے 18 جولائی کو پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث عمران خان کے لیے پیش ہونا مشکل ہے۔

بابر اعوان نے مؤقف اختیار کیا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے فوری بعد عمران خان ترجیحاً نیب کے روبرو پیش ہو کر مکمل معاونت کریں گے اور اگر نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کے لیے سات اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔


متعلقہ خبریں