آزاد انتخابی امیدوار پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہے ہیں ، عمران خان

پی ٹی آئی کے آزاد کھڑے ہونے والے لوگ پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، عمران خان | urduhumnews.wpengine.com

میانوالی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے پی ٹی آئی کے لوگ پارٹی اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن  لیگ والے ووٹ مانگنے آئیں تو ان سے دس سال کی حکومتی کارکردگی کا ضرور پوچھیں۔

انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دس سال میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے، دس سال پہلے ڈالر 60  روپے کا تھا لیکن آج ڈالر کی قیمت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  بجلی2008 میں دو روپے 13 پیسہ فی یونٹ تھی اور آج 13 روپے فی یونٹ ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ  نے کہا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرضہ ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک کے قرضے میں مزید ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  قرض کی ادائیگی قوم  مہنگائی کے ذریعے کرے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی اقسا ط ادا کرنے کے لیے جب عوام پر ٹیکس لگایاجاتا ہے تو گیس و بجلی کی قیمت بڑھتی ہے اور عوام کے ہاتھ میں پیسے کم رہ جاتےہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ  عمران خان نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے عوام کا پیسہ چوری ہوجاتا ہے، ملک کا خرچہ پورا نہیں ہوتا  اور پھر خرچہ پورا کرنے کے لیے قرض لیا جاتا ہے جس سے ملک برباد ہوجاتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف  نے کہا کہ جب حکمران چوری کرتے ہیں تو باہر ان کے بچے اربوں پتی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کے پیسے باہر بھجوائے اور ان کے بچے ارب پتی ہوگئے۔

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے شرکائے جلسہ پر واضح کیا کہ گزشتہ پانچ سال میں مہنگی بجلی خرید کر عوام نے ان کی چوری کی قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کے 45 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

موجودہ مہنگائی کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دودھ 100 روپے فی لیٹر ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اوراسحاق ڈار کے بچے ارب پتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  جب بچوں کا حساب مانگا جائے تو کہا جاتا ہےکہ  وہ پاکستانی نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں