شہباز شریف اور عمران خان کا دورہ کوئٹہ


کوئٹہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ میں سانحہ مستونگ کے زخمیوں کی عیادت کی جس کے بعد انہوں نے ساراوان ہاؤس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے شہید رہنما نوابزادہ  سراج رئیسانی کے اہل خانہ سے تعزیت اور ان کے ایصال ثواب کے لیے  فاتحہ خوانی کی۔

عمران خان اسلام آباد سے خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ پہنچے تھے، پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کے مطابق  عمران خان کی کوئٹہ میں دیگر سیاسی مصروفیات اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گی۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے بھی شہدائے مستونگ کے یوم سوگ کے موقع  پر اپنا دورہ سوات منسوخ کردیا ہے اور نوابزادہ سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کے لیے کوئٹہ روانہ ہو گئے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کوئٹہ میں خودکش دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے۔

اس سے پہلے شہباز شریف اتوار کے روز سوات اور پشاور کا دورہ کرنے والے تھے جہاں انہوں نے شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہارون بلور کی فاتحہ خوانی کے لیے بلور ہاؤس جانا تھا۔

شہباز شریف کی اپنے دورہ پشاور کے موقع پر پارٹی کی صوبائی قیادت سے ملاقات  بھی متوقع تھی جس میں آئندہ عام انتخابات اور پیر کو سوات جلسے سے متعلق حکمت عملی طے کی جانی تھی۔

کوئٹہ میں جمعہ کو بم دھماکہ ہوا تھا جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 131 افراد جاں بحق جب کہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں