مستونگ حملہ: لاہور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ


لاہور: مستونگ حملہ کے بعد لاہور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہر کی تمام آبادیوں میں سرچ آپریشن شروع کیا جائے۔

انہوں نے حکم دیا ہے کہ تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اپنے علاقے میں ہونے والے سرچ آپریشنز کی خود نگرانی کریں، سرچ آپریشنز کے دوران بائیومیٹرک مشینوں کے ذریعے شہریوں کے کوائف چیک کئے جائیں۔

انہوں نے لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک گاڑیوں یا افراد پرکڑی نظررکھنے کی ہدایت کی ہے جبکہ شہر میں اہم تنصیبات، عمارات اور پبلک مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی سرگرمیاں بہت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اس لیے امیدوار کارنر میٹنگز اور جلسے جلوسوں سے اجتناب کریں، شہریوں کو اپنے گلی محلوں میں مشکوک افراد پر نظر رکھنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے، عوام کی مدد کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی، پولیس اور عوام کے قریبی رشتے اور تعاون سے امن کے دشمنوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں