ملک کے مختلف حصوں میں بارش، گرمی کی شدت میں کمی


اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آ گئی ہے۔

لاہور میں جمعہ کو سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، کہیں کالی گھٹا چھائی رہی تو کہیں بادل خوب جم کے برسے اورشہریوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر، ژوب، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

گزشتہ روز سیالکوٹ میں 82 ملی میٹر، اسلام آباد 73 ملی میٹر، کامرہ 47 ملی میٹر، مری 42 ملی میٹر، راولپنڈی 41 ملی میٹر، منڈی بہاؤ الدین 34 ملی میٹر، لاہور 29 ملی میٹر، کوٹلی 27 ملی میٹر، مظفر آباد اور مالم جبہ 23 ملی میٹر، بالاکوٹ 16 ملی میٹر، راولاکوٹ، گڑھی دوپٹہ اور گجرات 14 ملی میٹر، زیارت تین ملی میٹر اور بگروٹ میں دو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز کشمیر، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، سرگودھا، کوہاٹ، ژوب ڈویژن اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقے شدید گرم اور مرطوب رہیں گے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سبی 48 ڈگری سینٹی گریڈ، تربت اور دالبندین 45 ڈگری سینٹی گریڈ اور نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں