لیگی رہنما ہمایوں اختر خان نے پی ٹی آئی نے شمولیت اختیار کرلی


اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے اپنی پارٹی کو خیرباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ہمایوں اخترخان کی خواہش تھی کہ وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے -131 پہ انتخابی امیدوار ہوں۔ سابق وفاقی وزیر نے اس مقصد کے لیے پارٹی قیادت کو درخواست بھی دی تھی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمایوں اختر خان کو پارٹی کا انتخابی ٹکٹ دینے کے بجائے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق کو این اے -131 پہ  اپنا امیدوار نامزد کردیا جس پر وہ  ناراض ہوگئے۔

جنرل ضیاالحق کے ساتھ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈی جی آئی ایس آئی جنرل اختر عبدالرحمان خان کے صاحبزادے ہمایوں اخترخان نے بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی میں شمولیت اختیارکرنے کے بعد انہوں نے کپتان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور جاری انتخابی مہم میں اپنا بھرپورکردارادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

ذمہ دارذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد سابق وفاقی وزیرہمایوں اختر خان کو اہم ذمہ داریاں تفویض کرے گی۔

جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور صدارت میں ہمایوں اخترخان وزارت عظمیٰ کے  مضبوط ترین امیدوار تھے لیکن کہا جاتا ہے کہ چودھری برادران کی مخالفت کے باعث وہ وزیراعظم پاکستان کے منصب پر فائز نہیں ہوسکے اور شوکت عزیز کے نام قرعہ فال نکل آیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت میں ان کے بھائی ہارون اختروزیرمالیات اور مشیر نجکاری تھے۔


متعلقہ خبریں