نواز اور مریم کی گرفتاری، ایئرلائنز انتظامیہ سے مذاکرات جاری


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی گرفتاری کے لیے اتحاد ایئرلائنز کی انتظامیہ اور قومی احتساب بیورو (نیب) اور ایئرفورس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی ٹیموں کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک مذاکرات میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا، نیب  ٹیم ملزموں کو طیارے سے ہی گرفتار کرنے پر بضد ہے جبکہ ایئرلائن انتظامیہ کی اجازت کے بغیر وہ غیرملکی طیارے میں نہیں جا سکتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک نوازشریف اور مریم نواز کی پرواز منسوخ نہیں ہوئی اور دونوں پاکستان آنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

دوسری طرف چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز کے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کرایا جائے گا اور گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نوازشریف اور مریم نواز نے 13 جولائی کو جمعہ کے روز لاہور پہنچنے کا اعلان کیا تھا، ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نوازشریف کو دس سال جبکہ مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنائی دی تھی، سزا کے وقت ملزمان بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن موجود تھے۔


متعلقہ خبریں