پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک علی امین گیا تو دوسرا آگیا، کے پی میں علی امینوں کی کوئی کمی نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختیارولی نے کہا کہ صوبے میں کوئی ایسا شخص نہیں جو نظم و نسق کو بہترطورپر سمجھتا ہو۔
خیبرپختونخوا پاکستان کا سب سے نازک خطہ ہے جو پہلے ہی دہشت گردی کی لپیٹ میں رہا ہے مگرافسوس کہ آج وہاں کے ادارے تباہی کا شکار ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کوہستان جیسے اربوں روپے کے اسکینڈل حکومت کے منہ چڑا رہے ہیں جبکہ احتساب کا کہیں نام و نشان نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علی امین ہماری کبھی پسند نہیں رہے لیکن جنہیں اب وزیراعلیٰ بنانے کی بات ہو رہی ہے، ان سے اندازہ ہوتا ہے کہ جیسے کسی نئے ڈرائیورکولرنروالی گاڑی پربٹھا دیا گیا ہو۔
ان کے مطابق صوبے کے عوام کو سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے، تجربہ کارنہیں بلکہ عملی کارکردگی دکھانے والے افراد کی۔