تہران: ایران نے اپنے شہری بہمن چوبی کو اسرائیلی کے جاسوسی کرنے کے الزام میں پھانسی دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کی عدالت نے بہمن چوبی کو اسرائیل کا اہم جاسوس قرار دیتے ہوئے پھانسی کی سزا دی۔ بہمن چوبی نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کو ملک کی اہم ترین حساس معلومات فراہم کیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بہمن چوبی ایران میں درآمد ہونے والے الیکٹرانک آلات کے راستوں سے متعلق تفصیلات بھی اسرائیل کو فراہم کرتا رہا۔ جن کے باعث دشمن ملک کو ایرانی سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں نقب اور اہم اداروں کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل ہوئی تھی۔
عدالت نے کہا کہ اسرائیلی ایجنسی موساد کا بنیادی مقصد ان معلومات سے ایرانی سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیس کو ہیک کرنا اور قومی سلامتی کو کمزور کرنا تھا۔
ایرانی سپریم کورٹ نے بہمن چوبی کی اپیل مسترد کر کے “فساد فی الارض” کے جرم میں دی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جاسوس کی پھانسی ایسے وقت میں عمل میں آئی جب اقوام متحدہ نے تہران پر ایٹمی پروگرام کے باعث دوبارہ پابندیاں عائد کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی امریکا کی برآمدی پابندیوں پر سخت مخالفت
یاد رہے کہ رواں برس جون میں اسرائیل نے ایران پر متعدد حملے کیے جن میں اہم ملٹری کمانڈرز اور ایٹمی سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اور ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے ملک میں چھپے اپنے اندرونی ایجنٹوں کے ذریعے ایرانی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔
ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد سے صرف 3 ماہ کے دوران اب تک 9 مبینہ اسرائیلی جاسوسوں پھانسی دی جا چکی ہے۔