لاہور: سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی گرفتاری کا ذمہ دار نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو ٹھہرا دیا ہے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتظامات پر آفرین ہے۔
ایاز صادق نے انہیں یاد دلایا کہ آپ صرف دو ماہ کے لیے نگراں وزیراعلیٰ بنے ہیں، ایسے اقدامات سے باز رہیں، نون لیگ کے کارکنوں کی گرفتاریوں سے حالات مزید خراب ہوں گے، ایسا ماحول نہ بنایا جائے جس کا منفی تاثر سامنے آئے۔
لیگی رہنما نے حسن عسکری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی، مسلم لیگ نون الیکشن لڑے گی اور سب کو جیت کر دکھائے گی۔
مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ جمعہ 13 جولائی کی شام لندن سے لاہور پہنچ رہے ہیں اور مبینہ طور پر پنجاب پولیس ان کی آمد کے موقع پر متوقع احتجاج روکنے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں لیگی کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے۔