پشاور: اسپورٹس گراؤنڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے انتخابی جلسے کی درخواست پشاور انتظامیہ کی جانب سے مسترد کردی گئی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی قیادت نے 12 جولائی کو پشاور کے فٹ بال گراؤنڈ میں بلاول بھٹو کے انتخابی جلسے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔
پارٹی کی مقامی قیادت کی جانب سے جب ڈپٹی کمشنر پشاور کو باضابطہ درخواست دی گئی تو ضلعی انتظامیہ نے اسے مسترد کردیا ۔ انتظامیہ نے اس ضمن میں پی پی پی کی صوبائی قیادت کو پتنگ چوک پشاور میں متبادل جگہ فراہم کردی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی پارٹی کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ نئے مقام پر انتخابی جلسے کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں پارٹی قیادت ضلعی انتظامیہ کے اس فیصلے کو امتیازی قرار دے رہی ہے اور احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اپنا رہی ہے کہ انتخابی جلسے کے مقام کی تبدیلی بنا کسی ٹھوس وجہ کے کی گئی ہے جو امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔