نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلیے ہم نیوز اور یواین ڈی پی کا معاہدہ

نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلیے ہم نیوز اور یواین ڈی پی کا معاہدہ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے خواب کو سچ کرنے کے لیے ہم نیٹ ورک اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقی (یو این ڈی پی) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

یہ منصوبہ ناصرف پاکستانی آبادی کے اہم ترین حصہ کو حقائق تک رسائی دے گا بلکہ دنیا بھر میں اپنی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کی زیادہ تعداد کے اعتبار سے منفرد حیثیت کے حامل پاکستان کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی دے گا۔

ہم نیٹ ورک اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے درمیان طے پانے والے معاہدہ کے تحت ایسے پروگرامات تیار کیے جائیں گے جن کا مقصد نوجوانوں کو بنیادی معاملات سے آگاہ کر کے حل تلاش کرنے پر آمادہ کرنا ہوگا۔

یو این ڈی پی کے مطابق مفاہمتی یادداشت پاکستانی کو درپیش ترقیاتی چیلنجز پر بہتر مکالمہ کی راہ ہموار کرے گی۔ معاہدے کے تحت یو این ڈی پی اور ہم نیٹ ورک ایسا مواد تیار کریں گے جو پاکستانی نوجوانوں میں ملکی سطح پر درپیش چیلنجز، امن کے فروغ، برداشت اور تنقیدی سوچ کو پروان چڑھانے کے کام آئے گا۔

ایم اور یو کے تحت حکومت پاکستان کی جانب سے 2013 سے 2018 کے دوران مختلف شعبوں پر خرچ کیے گئے فنڈز سے متعلق ترجیحات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز (ایس ڈی جیز) کے ہدف نمبر 16 اور حکومت پاکستان کے ویژن 2025 کے تحت شواہد کی بنیادی پر باخبر مکالمہ کے ذریعہ جمہوری عمل کے استحکام پر کام کریں گے۔

یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر اگنیشیو ارتضی کا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کا ادارہ ہم نیٹ ورک کو ایسا مواد تیار کرنے میں معاونت کرے گا جو جمہوریت کے استحکام، نوجوانوں کے سماجی اور معاشی اختیار سمیت معاشرتی امور میں ان کی شمولیت کے کام آ سکے۔

ہم نیوز کے سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اطہر وقار عظیم کا کہنا تھا کہ سنسنی سے پاک معلومات کی فراہمی آج کی اہم ضرورت ہے۔ یہ موجودہ حالات میں اور بھی ضروری ہو جاتا ہے جب پاکستان میں کروڑوں نوجوان سیاسی، سماجی اور اقتصادی معاملات کے حوالے سے درست معلومات چاہتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ یو این ڈی پی کے ساتھ مل کر ان شعبوں میں کام کریں گے۔


متعلقہ خبریں