مریم کے متبادل امیدوار کو شیر کا نشان مل گیا


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے لاہور میں مریم نواز کے متبادل امیدواروں کو شیر کا نشان الاٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نون کی درخواست منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست این اے 127 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 173 سے مریم نواز کی نااہلی کے بعد متبادل امیدوار کو شیر کا نشان الاٹ کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 127 سے علی پرویز ملک اور پی پی 173 سے عرفان کھوکھر کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا ہے اور اب وہ نون لیگ  کے نشان پر عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 146 پاکپتن سے مسلم لیگ نون کے امیدوار رانا زاہد حسین کی نااہلی کے بعد ان کے متبادل  رانا ارادت شریف کو بھی شیر کا نشان الاٹ کردیا گیا ہے۔

تینوں انتخابی حلقوں کے فارم 33 کی نظر ثانی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، مسلم لیگ نون نے متبادل امیدواروں کو شیر کا نشان الاٹ کرنے کی درخواست کی تھی۔

مریم نواز کو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سات سال کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ انتخابات میں حصہ لینے کی اہل نہیں رہیں۔


متعلقہ خبریں