شاہین ایئر کی اسلام آباد۔دبئی۔اسلام آباد فلائٹ پر پابندی


اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے متنبہ کیا ہے کہ شاہین ایئر لائن کی اسلام آباد سے دبئی اور دبئی سے اسلام آباد کی فلائٹ این ایل 221/224 رواں ہفتے سے منسوخ کردی جائے گی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق 13 جولائی سے شاہین ائیر کی اسلام آباد-دبئی-اسلام آباد کی فلائٹ منسوخ کردی گئی ہے جس کی وجہ نجی کمپنی کا اربوں روپے کا نادہندہ ہونا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہین ائیر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی سوا ارب روپے سے زائد کی نادہندہ ہے اسی وجہ سے مذکورہ فلائٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ 13 جولائی یا اس کے بعد مذکورہ فلائٹ سے دبئی جانے کے خواہشمند مسافراپنے لئے کسی متبادل پرواز کا بندوبست کریں۔

مئی 2018 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے شاہین ایئرلائنز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے اورسول ایوی ایشن کو نجی ایئرلائنز کا لوکل فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ایف بی آر کے لارج ٹیکس یونٹ کا کہنا تھا کہ شاہین ایئرلائنز کوفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 52  کروڑ 70 لاکھ روپے ادا کرنا تھے جو آخری تاریخ گزر جانے کے بعد بھی ادا نہیں کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں