ہارون آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں جن لوگوں نے ڈر کی وجہ سے ہمیں چھوڑا میں ان کے لیے دعا گو ہوں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ جن لوگوں نے ہم سے اربوں روپے کے فنڈز لیے انہوں نے روپ بدل لیے ہیں۔
ہارون آباد میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنہوں نے فنڈز لینے کے باوجود ہمیں چھوڑا وہ لوٹے ہیں اور لوٹوں کو بیت الخلا میں جانا چاہیے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے سوال کیا کہ وہ کون سا ترقیاتی کام ہےجو میں نے جنوبی پنجاب میں نہیں کرایا ؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے لحاظ سے زیادہ فنڈز جاری کیے اوردس سال کے دوران کئی سو ارب روپے کی سرمایا کاری کرائی۔
ان کا کہنا تھا کہ رحیم یارخان میں بہترین آئی ٹی یونیورسٹی بنائی۔ 2013 میں بجلی 20، 20 گھنٹے جاتی تھی اور واپس نہیں آتی تھی، اب صورت حال بہت بہتر ہے۔
پی ایم ایل (ن) کے سربراہ نے کہا کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں اور ہم پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دل میں قوم کی محبت ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ عوام کے درمیان رہیں اسی لیے وہ اپنی بیمار اہلیہ بیگم کلثوم نواز کو چھوڑ کر 13 جولائی کو وطن واپس آرہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے عوام الناس سے اپیل کی کہ 25 جولائی کو پولنگ بوتھ جائیں اور شیر پر مہر لگا کر شیر کو کامیاب کرائیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شرکا سے وعدہ کیا کہ اگر یہاں سے شیر کامیاب ہوا تو اس ضلع کے تمام کاموں کا ذمہ دار میں ہوں گا۔