ملتان: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتساب عدالت نے بہت اچھا فیصلہ دیا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیے ہم انتقامی سیاست کے قائل نہیں ہیں۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے قانونی میدان میں مخالفین کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور اب ہم سیاسی میدان میں بھی مخالفین کو شکست دیں گے، پی ٹی آئی نے کرپشن کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے، سندھ کو بھی کرپٹ لوگوں سے نجات دلائیں گے، اس صوبے میں ہوا بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم نے احتساب کا عمل آگے بڑھانے کا تہیہ کر رکھا ہے، جن کرپٹ لوگوں نے ملک میں اپنے پنجے گاڑے ہوئے تھے انہیں ہم نے شکست دی ہے، اب عوام 25 جولائی کو تحریک انصاف کے انتخابی نشان بلے پر مہر لگا کر مخالفین کو شکست دیں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے جوابی بیان میں کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سیاسی خانہ بدوش اور اقتدار کے پجاری ہیں، وہ اپنا غصہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے بجائے جہانگیر ترین پر ہی نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت آصف علی زرداری کی مرہون منت ہے، سندھ میں پیپلزپارٹی نے صحت اور تعلیم میں جو ترقی کی ہے اس کا اعتراف تو چیف جسٹس نے بھی کیا ہے۔