قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، عمران خان

قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، عمران خان | urduhumnews.wpengine.com

تیمرگرہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 22 برس سے کرپشن مافیا اور گارڈ فادرز کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں اور 25 جولائی کو پاکستان سے کرپشن مافیا کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کردیں گے۔

ریسٹ ہاؤس گراؤنڈ تیمرگرہ میں پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ملک و قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو عدالت کے کہٹرے میں لائیں گے اور اس رقم کو قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔

سربراہ پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو الائنس کے لئے مولانا فضل الرحمن کے علاوہ اور کوئی نہیں ملا۔ آخرمولانا فضل الرحمن نے بطورسربراہ کشمیر کمیٹی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لیے کیا کام کیا۔ انہوں نے کہا ووٹرز جماعت سے سوال کریں کہ کہ جماعت اسلامی مولانا فضل الرحمن کے ساتھ اتحاد میں کیوں گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں نوازشریف کی کرپشن کے خلاف مقدمہ لڑا اوردوسری طرف سوات میں شہباز شریف کے الیکشن میں امیدوار بننے کی حمایت کی، یہ کس طرح کی پالیسی ہے۔

عمران خان نے مولانا فضل الرحمن کے متعلق اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ وہ ہرحکومت کے ساتھ مقناطیس کی طرح چمٹ جاتے ہیں لیکن اس بار ان کو موقع نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مولانا فضل الرحمن کو عالم دین نہیں سمجھتے تاہم علما کی قدر کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے صوبے کو ملک بھرمیں سب سے بہتر تعلیم، پولیس، صحت اور بلدیات کا نظام دیا۔

تحریک انصاف سربراہ نے اے این پی کے صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ اسفندیارولی کہتے ہیں کہ اگر وہ کرپشن میں ملوث ہیں تو انہیں گرفتار کرلیا جائے۔ اگر وہ  بدعنوانی سے پاک ہیں تو پھرعوام ان کو ایزی لوڈ کیوں کہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم ایسے پاکستان کے خواہاں ہیں جس میں کسی کو محنت مزدوری کے لیے ملک سے باہر نہ جانا پڑے بلکہ انہیں اپنے ملک میں ہی روزگار ملے۔


متعلقہ خبریں