ن لیگ نے احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد کر دیا

ن لیگ نے احتساب عدالت کا فیصلہ مسترد کر دیا | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف لندن فلیٹس سے متعلق ایون فیلڈ ریفرنس میں سنائے جانے والے احتساب عدالت کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ سیاسی بنیادوں پر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہوگیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب عدالت نے فیصلہ سنا دیا ہے عوامی عدالت کا فیصلہ 25 جولائی کو ہوگا۔ 70 سال سے سرگرم نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حصول انصاف کے لیے تمام آئینی راستے اختیارکریں گے۔ یہ انصاف نہیں ہے اور قانون سب کے لیے برابر ہوتا ہے، امیر کے لیے بھی اور غریب کے لیے بھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے ماضی کے زیرالتوا مقدمات میں کوئی تیزی نہیں دکھائی اور الزام عائد کیا کہ نواز شریف کو ٹارگٹ کیا، پورے پانامہ اسکینڈل میں نواز شریف کا نام تک نہیں ہے مگر پھر بھی انہیں اس کیس میں ملوث کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے میں بہت سے قانونی سقم ہیں۔ نیب عدالت کے فیصلے کے خلا ف عوامی عدالت میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عوامی عدالت سے جیت کرلوٹیں گے۔

صدر پی ایم ایل (ن) نے کہا کہ نواز شریف وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔

اپنی بھابھی اور نواز شریف کی اہلیہ کے متعلق جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

مریم نواز نے عدالتی فیصلے کے متعلق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 70 سال سے سرگرم نادیدہ قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کی یہ سزا بہت چھوٹی ہے۔ آج ظلم کے خلاف لڑنے کا حوصلہ اور بلند ہو گیا ہے۔

اپنے والد کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’شاباش نواز شریف! آپ ڈرے نہیں، آپ جھکے نہیں۔ آپ نے ذاتی زندگی پر پاکستان کو ترجیح دی۔عوام آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ فتح آپ کی ہو گی۔ انشاءالّلہ!‘‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف احتساب عدالت کے فیصلہ کے متعلق ردعمل کے لیے کچھ دیر میں نیوزکانفرنس سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں