بہاولپور ڈویژن میں 224 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دے دیا گیا


بہاولپور: رقبے کے لحاظ سے پنجاب کے سب سے بڑے ڈویژن بہاولپور میں انتخابات 2018 کے لیے 4321 پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں 44 ہزار 621 سرکاری ملازمین فرائض سر انجام دیں گے۔

کمشنر بہاولپور نئیر اقبال کے مطابق ڈویژن بھرمیں 224 پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل ریکارڈنگ بھی محفوظ ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور ڈویژن کی ایک کروڑ 15 لاکھ  آبادی میں 58 لاکھ 56 ہزار859 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، جو کل آبادی کا51 فیصد ہے۔ بہاولپور ڈویژن کے تین اضلاع میں مجموعی طور پر 15 قومی اسمبلی اور31 صوبائی اسمبلی کے حلقے ہیں۔

کمشنر بہاولپور کے مطابق 150 امیدواران قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے مدمقابل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 366 امیدواروں کا صوبائی اسمبلی کے حلقوں پہ مقابلہ ہو گا۔ ڈویژنل انتظامیہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر مروجہ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے انتظامات کو حتمی شکل دے چکی ہے۔

نئیر اقبال کا کہنا ہے کہ پولنگ کے عمل کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیےسیکیورٹی، ٹرانسپورٹ، ہیلتھ اور دیگر انتظامی امور کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

بلحاظ رقبہ بہاول پور پنجاب کی سب سے بڑی ڈویژن ہے جس کی لمبائی479 کلومیٹر اور چوڑائی 150 کلومیٹرہے۔


متعلقہ خبریں