سپریم کورٹ آج نندی پور کرپشن کیس کی سماعت کرے گی

فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج نندی پور پاور پلانٹ میں کرپشن اور ایم ڈی پاکستان ٹیلیویژن سمیت کئی اہم کیسز کی سماعت ہو گی۔

گزشتہ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو نندی پور پاور پلانٹ میں بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ رحمت حسین جعفری رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کی جائیں تاکہ علم ہو سکے کہ اس منصوبے میں کیونکر اور کسقدر تاخیر ہوئی، سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں چیئرمین نیب نے مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ کی جاری کردہ کاز لسٹ میں ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی تقرری کیس کی سماعت آج بھی جاری رہے گی، بدھ کے روز سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو عطاالحق قاسمی کی تقرری کے جائزے کا اختیار حاصل ہے۔

سپریم کورٹ میں آج خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کا اجرا اور بجلی، تیل اور گیس پر عائد ناجائز ٹیکسوں کے کیس کی سماعت بھی ہو گی، گزشتہ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے خواجہ سراؤں کو 15 دنوں میں شناختی کارڈ کی عدم فراہمی سے متعلق کمیٹی قائم کر دی تھی جس کی سفارشات کی روشنی میں مزید کارروائی ہو گی۔

اسی طرح آج بجلی، تیل اور گیس پر عائد ناجائز ٹیکس لگانے اور ڈیوٹی وصول کرنے کے حوالے سے ازخود نوٹس کی سماعت ہو گی، گزشتہ سماعت پر عدالت نے اٹارنی جنرل، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پیٹرولیم، سیکرٹری توانائی، چیئرمین اوگرا، چیئرمین نیپرا اور چیئرمین ایف بی آر کو نوٹس جاری کیے تھے۔

سپریم کورٹ میں آج جن مزید کیسز کی سماعت ہو گی ان میں بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی مچھیروں سے متعلق دائر درخواست، نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اراضی اسکینڈل اور بلوچستان کے ضلع پشین میں سڑک کی توسیع کے لیے درختوں کی کٹائی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ کی جاری کردہ کاز لسٹ میں اسلام آباد شکرپڑیاں میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے خلاف روئداد خان کی درخواست، امراض قلب میں مبتلا افراد کو سستا علاج اور ادویات کی فراہمی اور ملک بھر میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق دائر درخواست کی سماعت بھی شامل ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کیسز کی سماعت کرے گا۔


متعلقہ خبریں