پنسل اسکیچز میں زندگی کے رنگ بھرنے والا لٹل مائیکل اینجلو


ابوجا: نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے گیارہ سالہ کریم وارث نے پنسل سے شاندار اسکیچز بنا کر بڑے بڑے فنکاروں اور نقادوں کو حیران کر دیا ہے۔

نائیجیرین آرٹسٹ کریم وارث اولا ملکان نے چھ  سال کی عمر میں خاکے بنانے کا آغاز کیا اور آٹھ سال کی عمر میں وہ ایک پیشہ ور فنکار کی طرح  پنسل کے ذریعے تصاویر بنانے لگا۔

کچھ روز قبل غیر ملکی نشریاتی ادارے  بی بی سی افریقہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کریم وارث نے بتایا کہ وہ اطالوی مصور مائیکل اینجلو سے متاثر ہے۔

گیارہ سالہ آرٹسٹ تھری ڈی تکنیک کا استعمال کرکے پنسل سے ہائیپر ریئلسٹک تصاویر بناتا ہے، ہائیپر ریئلسٹک مصوری کی ایک  قسم  ہے جس میں حقیقت سے انتہائی قریب تصویر بنائی جاتی ہے۔

کریم وارث کو اپنی تصویر ’ڈیلی بریڈ‘ (روزمرہ کا کھانا) سب سے زیادہ پسند ہے، یہ پسینے میں شرابور ایک  لڑکے کی کھانا کھاتے ہوئے تصویر ہے جس کی آنکھوں سے آنسو بہہ رہے ہیں۔

کمسن نائیجیرین مائیکل اینجلو کا کہنا ہے کہ وہ ’ڈیلی بریڈ‘ کے ذریعے اس محنت اور مشقت کی عکاسی کرنا چاہتا تھا جو اسے اور اس کے گھر والوں کو کھانا حاصل کرنے کے لیے کرنا پڑتی ہے۔

کمسن آرٹسٹ کا کہنا تھا کہ جب بھی اس کی ماں اسے بازار بھیجتی تو وہ 20 شیٹیں خرید لاتا اور فلیش لائٹ کی روشنی میں رات بھر تصاویر بناتا رہتا۔

اب تک درجنوں خوبصورت فن پارے بنانے والا  ننھا  فنکار اپنے تیار کردہ پورٹریٹس کو بین الاقوامی نمائش کے لیے پیش کرنے کا خواہاں ہے۔


متعلقہ خبریں