اسلام آباد: ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے 40 ٹن امدادی سامان کل کوالالمپور روانہ کیا جائے گا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گا۔ اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان کے روانگی کی تقریب منعقد کی گئی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خصوصی طیارہ امداد لے کر کل صبح اسلام آباد سے کوالا لمپور روانہ ہو گا۔ اور ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کے لیے 40 ٹن امداد ی سامان روانہ کیا جائے گا۔
امدادی سامان میں ادویات، راشن، خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ جبکہ امدادی سامان کی دوسری کھیپ اگلے ہفتے روانہ کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی کی شرح چھ سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ملائیشیا میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اور حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
واضح رہے کہ ملائیشیا میں موجود مون سون میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب آیا۔ جس سے 38 اضلاع متاثر ہوئے۔