اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج اہم مقدمات کی سماعت ہوگی. سابق وفاقی وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کے کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔
جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کا تین رکنی بینچ ای او بی آئی پینشنرز کیس، پی آئی اے کی نجکاری اور ٹیچنگ اسپتال کے پی میں انتظامیہ کے انتخاب کے حوالے سے کیس کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ میں آج ایساف کنٹینرز کیس، سندھ میں جنگلات اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ، اقلیتوں کے حقوق، راولپنڈی میں اسپتال و کالج منصوبوں کی عدم تکمیل کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت بھی ہوگی۔
جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ انتظامی ججوں کی استعداد کاراور قابلیت میں اضافے سے متعلق کیس کی بھی سماعت کرے گا۔
گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کو غیر قانونی زمین کی الاٹمنٹ، مارگلہ ہلز میں درختوں و پتھروں کی کٹائی، ایف بی آر لگژری گاڑیوں اور پی آئی اے کے جہازوں سے جھنڈے کی تصویر ہٹانے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت بھی آج ہوگی۔