بیلٹ پیپرز کی طباعت، سیکیورٹی فوج کے حوالے


اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی طباعت کرنے والی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ہیڈ کواٹرز کی سیکیورٹی فوج کے حوالے کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق  30 جون کو فہرستیں فراہم ہونے کے بعد چھپائی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پی سی پی)  ہیڈ کواٹرز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا  ہے جبکہ ملازمین کے موبائل فونز اندر لے جانے  پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے، بیلیٹ  پیپرز کی چھپائی مکمل ہونے تک یہ تمام پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 21 کروڑ بیلٹ پیپرز طبع کیے جائیں گے جن پر دو ارب روپے سے زیادہ رقم خرچ  ہو گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ عام انتخابات میں استعمال ہونے والے بیلٹ پیپر ملکی تاریخ کے مہنگے ترین بیلٹ پیپرز ہوں گے اور ان کی خاصیت یہ ہے کہ ان  پر واٹر مارک موجود ہو گا جبکہ تمام کاغذ بھی بیرون ملک سے درآمد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام یکم جولائی سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے پرنٹنگ پریسز میں شروع کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں