نون لیگ کے سردار مہتاب عباسی انتخابات سے دستبردار


ایبٹ آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما سردار مہتاب احمد خان عباسی نے عام انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کے رہنما سردار مہتاب احمد خان نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 15 کا ٹکٹ نہ ملنے پر انتخابات نہ لڑنے کا فیصلہ کیا۔

سردار مہتاب احمد خان کو ٹکٹ نہ ملنے پر اُن کے فرزند سردار شہریار خان اور کزن سردار فرید بھی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے، سردار شہر یار خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 16 اور سردار فرید کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے کے پی 36 سے ٹکٹ ملا  تھا۔

سردار مہتاب احمد خان کے فیصلے کے بعد سردار شہریار خان اور سردار فرید نے بھی پارٹی ٹکٹ واپس کردیے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما سردار مہتاب احمد خان نے 1997 سے 1999 تک صوبہ خیبرپختونخوا (کے پی)  میں وزیراعلیٰ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں، انہوں نے 14 اپریل 2014 کو کے پی کے گورنر کا حلف اٹھایا تھا لیکن فروری 2016 کو اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے تھے تا کہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔

سردار مہتاب احمد خان  2008 میں وفاقی وزیر ریلوے اور 2003 سے 2008 تک سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں